پشاور ( وقائع نگار ) ورسک روڈ پر بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ورسک روڈ کے رہائشیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے پیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ ورسک روڈ کے مختلف علاقوں بابو گھڑی، خوشحال باغ، آفیسرز ہومز سٹریٹ، حکیم آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور گھروں میں خواتین و بچے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں بجلی بلز کی ریکوری سو فیصد ہے اور بجلی بلوں میں اضافہ بھی ماہانہ کی بنیادوں پر کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ورسک روڈ پر نگران وزیر اعلیٰ، گورنر خیبر پختونخوا، سٹی میئر سمیت دیگر افسران رہائش پذیر ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ورسک روڈ کی بجلی سب ڈویژن داؤدزئی سے الگ کرکے ان علاقوں کے لیے الگ فیڈر دیا جائے اور واپڈا ایکسیئن اور ایس ڈی او کو تبدیل کیا جائے انہوں نے اعلان کیا کہ اگر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کیا گیا تو واپڈا ہاوس کا گھیراؤ کرینگے |
|