ویلیوایشن ریٹس ،جائیداد منتقلی اخراجات م®
13-7-2023
لاہور(رب نواز خان) رئیل اسٹیٹ مالکان اور ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا ہے کہ پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس (تخمینہ قدر ) میں اضافے سے نہ صرف رئیل اسٹیٹ سیکٹر بلکہ مجموعی ملکی معیشت پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ٹرانسفر کے اخراجات میں پچاس فی صد تک اضافہ ہو جائے گا۔انویسمنٹ بالکل رک جائے گی،تعمیراتی شعبہ اور اس سے وابستہ تمام کاروبار رک جائیں گے اور سب سے بڑھ کر زر مبادلہ کی آمد رک جائے گی اور اس کے ذخائر میں کمی کے ساتھ ساتھ ڈالر کی قلت بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن کے صدر طلعت نے کہا کہ حکومت کو کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے چاہیں۔ مگر حکومت نے ٹیکسز کی بھرمار کر کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر سےملحقہ بہت سے انڈسٹریز کو متاثر کیا ہے۔ حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو تسلیم کر کے اس کے لیے کوئی ریگولیٹری باڈی تشکیل دے۔ ایسویسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سرفراز حسین نے کہا کہ اس اقدام سے پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ جس سے بیرون ملک پاکستانی انوسمنٹ نہیں کریں گے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید کمی ہوگی۔ ڈالر کی قلت کا خدشہ ہے جس کے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا بیرونی سرمایہ کاری رکنے کے نہایت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ جبکہ سیل پرچیز میں کمی سے حکومت کو ٹیکس ریونیو کے اہداف بھی پورے نہیں ہو سکیں گے۔ حکومت صورتحال کو سمجھے اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو چلنے دے۔