نجی سو سائٹیاں پیسے وصولی کے باوجود قبضہ نہ&#
26-6-2023
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے مر رہی ہے۔ مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہا ہے۔ نجی ہاﺅسنگ سو سائٹیاں پورے پیسے وصول کرنے کے باوجود پلاٹ کا قبضہ نہیں دے رہیں۔ جھوٹے وعدے کئے جا رہے ہیں۔ کئی سوسائٹیاں جتنے پلاٹ سیل کر چکی ہیں۔ اتنے ان کے پاس پلاٹ ہی موجود نہیں۔ اپنی ساری زندگی کی جمع پونجی سے پلاٹ خریدنے والوں کو پلاٹ کی بجائے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مافیا اتنا طاقتور ہے کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ان سوسائٹیوں کے متاثرین اپنی پوری قسطیں ادا کر چکے ہیں لیکن ان کو پلاٹوں کا قبضہ نہیں دیا جا رہا۔ یہ ظلم ہے جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف نجی سوسائٹیوں کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجلیل گارڈن اور النور آرچرڈ سوسائٹی کے متاثرین سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قیم جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ اور عامر نثار خان بھی موجود تھے۔ ضیاءالدین انصاری نے متاثرین کو یقین دلایا کہ آپ کے پلاٹ آپ کو لازمی دلوائے جائیں گے۔ سوسائٹی مالکان کو مذاکرات سے قائل کریں گے۔ ورنہ احتجاج بھی کریں گے اور عدالتوں کے دروازے پر بھی دستک دیں گے۔