اسلام آ با د (رانا غلام قادر ) پلاننگ کمیشن نے راول ڈیم کو آ لودہ پانی سے بچا نے کیلئے 9.62 ملین گیلن صلاحیت کے تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے اور ٹرنک سیوریج لائن بچھانے کیلئے چھ ارب سات کروڑ62 لاکھ روپے مالیت کے پی سی ون کی منظوری دیدی ہے۔ ذ رائع کے مطابق عوامی دلچسپی کا حامل یہ میگا پراجیکٹ سی ڈی اے مکمل کرے گا۔اس وقت راول ڈیم کی آ بادیوں کا تمام سیوریج بغیر ٹر یٹمنٹ کے راول ڈیم میں جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس کا ایکشن لیتے ہوئے سی ڈی اے کو حکم دیا تھا کہ راول ڈیم کو آ لودگی سے بچایا جا ئے۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے اپنے حالیہ اجلاس میں سی ڈی اے کے پی سی ون کی منظوری دیدی ہے جس کی مالیت 6076ملین روپے ہے۔ بنی گالہ کے قریب مدینہ ٹائون میں4ملین گیلن ‘بری امام میں 3.6 ملین گیلن اور سملی ڈیم روڈپر 1.97ملین گیلن صلاحیت کا ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جا ئے گا۔ ذ رائع کے مطابق ایک ماہ گزرنے کے با وجود پلاننگ کمیشن نے پی سی ون کی منظوری کا خط جاری نہیں کیا۔ اس خط کی روشنی میں سی ڈی اے وزارت داخلہ سے انتظامی منظوری لے گا۔ نئے بجٹمیںپی ایس ڈی پی میں ا س پراجیکٹ کیلئے 255ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ |
|