ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ڈویژن میں پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے 15 مقامات پر مویشی منڈیاں لگائی گئی ہیں ، جہاں پر گزشتہ روز اتوار کی چھٹی کے باعث خوب گہما گہمی رہی اور شہری اپنی پسند کے جانوروں کی خریداری میں مصروف رہے- تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ملتان ڈویژن میں بھی مویشی منڈیوں میں خوب رونق رہی، شہریوں کی بڑی تعداد نے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام سجائی گئی مویشی منڈیوں کا رخ کیا اور اپنی پسند کے جانور خریدے- شہری بکروں اور بیلوں سمیت دیگر جانوروں کے مہنگے ہونے کا شکوہ بھی کرتے رہے ، سی ای اوکیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان نے بتایا ہے کہ ڈویژن بھر میں 15 مقامات پر قائم منڈیوں میں عوامی سہولت کیلئے آگاہی کیمپس بھی لگائے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کا بھی انتظام کیا گیا ہے، کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کا رخ نہ کریں بلکہ سرکاری سطح پر قائم منڈیوں سے قربانی کے جانور خریدیں- |
|