ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا نے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر اربوں روپے خرچ کر دیے مگر سیوریج مسائل حل نہ ہو سکے ، سیوریج لائنوں کی تبدیلی میں تکنیکی خامیوں اور افسران کی مبینہ غفلت کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہونا معمول بن گیا ، جس کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ بارہا شکایات کے اندراج کے باوجود نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی - تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا نے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر دو ارب روپے سے زائد کے فنڈز خرچ کر ڈالے ہیں ، تاہم اتنی خطیر رقم خرچ کرنا بھی کارگر ثابت نہیں ہوا اور سیوریج لائنوں کی تبدیلی میں تکنیکی خامیوں نے سیوریج کے مسائل کو دوبارہ جنم دے دیا ہے - تسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداروں نے ایم ڈی واسا چوہدری محمد دانش اور ڈائریکٹر ورکس عارف عباس سمیت دیگر واسا افسران سے سیوریج مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، جس پر واسا افسران نے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے |
|