مال مویشی منڈیوں کے باہر ٹریفک نظام کنٹرول &#
23-6-2023
پشاور(جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے مال مویشی منڈیوں کے باہر ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے حکمت عملی طے کرلی۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس زیر صدارت چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان منعقد ہوا جس میں ایس پی سٹی محمد سعید‘ مختلف سیکٹروں کے ڈی ایس پیز اور دیگر ٹریفک حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کالا مال مویشی منڈی‘ رنگ روڈ مال مویشی منڈی اور دیگر منڈیوں کے باہر ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے منڈیوں کے باہر نفری کی تعیناتی کے احکامات جاری کردیئے۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر بھر میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حکام اور اہلکار مال مویشی منڈیوں کے باہر ٹریفک نظام کی روانی کو یقینی بنانے سمیت نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ شہری پارکنگ سٹینڈز میں گاڑیاں کھڑی کرنے کو ترجیح دیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے ٹریفک نظام کی خود نگرانی کریں گے۔