اولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اب انڈر پاسز و فلائی اوورز کی بجائے چوک کو اطراف سے کھلا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجبکہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کچہری چوک منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق نئے منصوبہ کیلئے ڈیڑھ سو مرلہ اراضی کی ضرورت ہوگی۔ کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کیلئے اس سے کم اراضی درکار تھی لیکن تاحال وہ بھی ایکوائر نہیں کی جاسکی تھی۔ ذرائع کے مطابق نئی تجویز کے تحت اب کچہری چوک کی ری ڈیزائننگ میں سرکاری اداروں کی اراضی استعمال کی جائے گی ۔ کمشنر آفس، فاطمہ جناح یونیورسٹی ، انکم ٹیکس آفس سے اراضی لی جائے گی جبکہ آرمی کے زیر استعمال اراضی کے لئے اسٹیشن ہیڈ کوارٹر کے بورڈ سے این او سی لیا جائے گا۔ جہلم روڈ کی طرف سے آنے والی ٹریفک جس نے صدر کی طرف جانا ہوگا اس کو پیچھے سے ہی الگ لین میں کردیا جائے گا تاکہ کچہری چوک میں رکنا نہ پڑے ۔ اسی طرح مریڑ چوک کی طرف سے جانے والی ٹریفک کو بھی الگ سلپ روڈ گزارا جائے گا ۔ فاطمہ جناح یونیورسٹی کے سامنے والا اوور ہیڈ برج (پیدل چلنے والوں) کو ختم کردیا جائے گا۔ جن اداروں کی اراضی لینے میں سٹرکچر میں تبدیلی ہوگی ان کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔پیرکو کمشنر لیاقت چٹھہ نےڈی جی آر ڈی اے سیف جپہ ،نیسپاک اور دیگر حکام کے ہمراہ منصوبہ پر کام شروع ہونےکا اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچہری چوک منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے۔ عوام کا کچہری چوک منصوبے کا مطالبہ پورا کیا جا رہا ہے۔ یہ اہالیان راولپنڈی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل پراجیکٹ ہے۔ منصوبے کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو کم کرنا اور عوام کو رش سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم اور سروس روڈ کیلئے اضافی لائنز بنائی جائیں گی۔ اس عوامی منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ |
|