سرکاری ریکارڈ پر قابض پٹواری، قانون کیخلا
20-6-2023
ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ریونیو افسران کو ریکوری اہداف حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملکیتی انتقال،آبیانہ اور واٹر ریٹ،سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لائی جائے۔ ملکیتی انتقال، اسٹامپ ڈیوٹی کے واجبات بھی کلیئر کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ڈویژن کے ریونیو بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے کہا کہ انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کرکے سرکاری اراضی واگزار کروائیں۔ ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں۔ کرپشن برداشت نہیں،کرپٹ مافیا کو عبرت کا نشان بنادوں گا۔سرکاری ریکارڈ پر قابض پٹواری، قانون گو کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کریں اور اخبار میں ان کی معطلی کے بارے باضابطہ اشتہار دیں تاکہ وہ غلط طریقے سے رجسٹری نہ کر سکیں۔ ریکارڈ پر قابض سب رجسٹرار کیخلاف بھی کارروائی کی جائے،انہوں نے کہا عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جائے۔ اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگر جوڈیشل کیسز کی مکمل پیروی کی جائے۔ ڈی سیز، اے سیز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں۔زرعی انکم ٹیکس کے نادہندگان کی جائیدادوں کو بلاک کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، لینڈ ریکارڈ افسران موجود تھے ۔