راولپنڈی (جنگ نیوز) عوامی اور سماجی حلقوں نے پنڈوڑہ بازار سے تجاوزات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدیقی چوک سے پنڈوڑہ چونگی تک سڑک کو ڈبل کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ سیدپور روڈ راولپنڈی اور اسلام آباد کو آپس میں ملانے والی اہم اور مصروف ترین روڈ ہے جہاں تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہتی ہےجس سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے ۔ اس صورتحال میں متعلقہ حکام کی خاموشی حیران کن اور باعث افسوس ہونے کے ساتھ ساتھ غفلت مجرمانہ بھی ہے۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ پنڈوڑہ روڈ اور نالے کی تعمیر کا کام ابھی شروع ہوا ہے مگر تجاوزات کا خاتمہ کئے بغیر سڑک اور نالے کی تعمیر تجاوزات کو ہمیشہ کیلئے تحفظ دینے اور ریگولرائز کرنے کے مترادف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دکانداروں نے سڑک کے دونوں جانب پندرہ بیس فٹ پختہ تجاوزات کر ر کھی ہیں جس کی وجہ سے سڑک کا سائز آدھا رہ گیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پنڈوڑہ بازار میں ریڑھی‘ تھڑے‘ رکشہ اور سوزوکی مافیا نے عوام کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ شہری حلقوں نے کہا کہ پہلے ہر طرح کی پختہ و عارضی تجاوزات اور ٹریفک میں خلل پیدا کرنے والی رکاوٹوں کو ختم کیا جائے اور پھر سڑک تعمیر کی جائے تاکہ تجاوزات کو تحفظ نہ مل سکے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا تدارک کیا جائے۔ دریں اثناء سٹیڈیم روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ سے بھی عوام کو مسائل درپیش ہیں اور اس صورتحال میں ٹریفک حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے اس ضمن میں بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ |
|