جھیکا گلی میں پارکنگ پلازہ بنے گا، سات سو گا&
13-6-2023
راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) مری میں جھیکا گلی کے مقام پر 10کنال پر پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائیگا۔ اس تین منزلہ پلازہ میں تقریباً سات سو گاڑیوں کو پارک کیا جا سکے گا۔ لوئر جھکا گلی میں 10کنال رقبے پر جمخانہ کلب تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ مری سے راول ڈیم جانیوالے آلودہ پانی کو صاف کرنے کیلئے پلانٹ لگانے کا منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز‘ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے کمشنر راولپنڈی کے دورہ مری کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے جائزہ اجلاس میں کہا کہ مری سیاحت کا مرکز ہے، عوام کی سہولت کیلئے پارکنگ پلازہ کی سائٹ پر کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے موسم گرما میں مری آنیوالے سیاحوں کو صاف ماحول کی فراہمی اور عید پر سیاحوں کے متوقع رش کیلئے انتظامات مکمل کرنے کیلئے محکموں کو 26جون کی ڈیڈ لائن دی۔