راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق ضلع راولپنڈی میں زمین کی نئی درجہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ پی ایم یو یونٹ محکمہ لوکل گورنمنٹ اور آر ڈی اے نے نقشے مکمل کرکے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیئے ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں سے مشاورت کی۔ منظوری آج ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی جس کے بعد ایک کنسلٹنٹ کمپنی آئندہ 20سال کی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبہ تیار کرے گی۔ ذرائع کے مطابق نئے لینڈ یوز رولز میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی مشروم گروتھ روکنے اور زرعی زمین کو محفوظ بنانے کیلئے زمین کے استعمال کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چار تحصیلوں میں لینڈ زوننگ آر ڈی اے نے کی ہے جس میں ٹیکسلا‘ گوجر خان‘ کلر سیداں اور کہوٹہ شامل ہیں۔ راولپنڈی میں پی ایم یو نے درجہ بندی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کنسلٹنٹ کمپنی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کرے گی۔ منصوبہ بندی میں شہری حد بندی بھی کی جائے گی جس میں سماجی انفرا سٹرکچر اور شہری معیشت کو بھی شامل کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق مختلف زون کیلئے مختلف ضوابط کے تحت درجہ بندی تیار کی گئی ہے تاکہ زمین کے رہائشی‘ کمرشل اور زرعی مقاصد کیلئے استعمال کو قواعدو ضوابط کے تحت لایا جاسکے۔ |
|