وفاقی دارالحکومت کی نئی کچی آبادیوں اور ت
24-5-2023
اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے سی ڈی اے سے وفاقی دارالحکومت میں قائم ہونے والی نئی کچی آبادیوں اور تجاوزات سے متعلق تفصیلات طلب کرلی ہیں۔جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے منگل کے روز کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے نئی کچی آبادیوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کی سی ڈی اے کی استدعا مسترد کردی اور قرار دیا کہ سی ڈی اے اس بارے نئی درخواست بمع تمام تفصیلات دائر کرے ۔عدالت نے آبزرویشن دی کہ سی ڈی اے کی درخواست پر معاملے کا جائزہ لیا جائے گا ۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ تمام اسمبلیاں مکمل ہونے تک کیس کی سماعت ملتوی کی جائے ،کچی آبادیوں کے خلاف آپریشن رکوانے کے لیے درخواست دائر ہونے کے بعد بہت سی پیش رفت ہو چکی ہے۔وکیل نے بتایا کہ اس معاملے میں قانون سازی اور پالیسی بنانے کا ایشو شامل ہے اور منتخب اسمبلیاں قانون بنانے کی مجازہیں ۔وکیل بلال منٹو نے بتایا کہ اس وقت پنجاب اور خیبر پختون خواہ اسمبلیاں موجود نہیں اس لیے بہتر ہوگا کہ جب ساری اسمبلیاں موجود ہو تو کیس سماعت کے لیے مقرر کیا جائے ۔عدالت کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ لا اینڈ جسٹس کمیشن نے کچی آبادیوں سے متعلق ایک مجوزہ قانون بھی عدالت میں جمع کروایا تھا۔