واسا کی کروڑوں کی اراضی کا قبضہ چھڑوانے میں &
15-5-2023
ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا انتظامیہ ادارے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ اٹھا سکی ، واسا افسران کی مبینہ غفلت کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر ہونے والے قبضے واگزار کروانے کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہ ہوئی ، دوسری جانب گول باغ میں واقع 4 کنال سے زائد کمرشل اراضی کی نیلا می نہ ہونے سے بھی مالی بحران سے دو چار واسا بھاری آمدن سے محروم ہے - تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا کی کروڑوں روپے مالیت کی 19 کنال سے زائد اراضی شہر کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا کے چنگل میں ہے ، جسے واگزار کروانے کے لئے سابق منیجنگ ڈائریکٹر راؤ محمد قاسم کے دور میں اقدامات اٹھائے گئے تاہم ان کے تبادلے کے بعد واسا انتظامیہ نے سرکاری اراضی واگزار کروانے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی - جس سے ولایت آباد سمیت مختلف مقامات پر 19 کنال سے زائد اراضی پر قبضہ مافیا نے پختہ تعمیرات کروا رکھی ہیں ، دوسری جانب گول باغ میں واقع 4 کنال سے زائد اراضی عدالتی معاملات ختم ہونے کے کئی ماہ بعد بھی نیلام نہیں کی گئی ، جس سے واسا کو ماہانہ بنیادوں پر تقریباً 50 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے - اس حوالے سے واسا حکام کا کہنا ہے کہ گول باغ میں برینڈ روڈ پر واقع اراضی کی نیلامی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، جس سے محکمہ کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہو گا -