ہاؤسنگ سکیموں کے خستہ حال پارکس، شہری تفر
8-5-2023
ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ترقیاتی ادارہ اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے زیر انتظام ہاؤسنگ اسکیموں میں درجنوں خستہ حال پارکوں کی حالت زار میں بہتری لانے کے لئے اقدامات نہ اٹھائے جا سکے ، پارکوں کو پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے حوالے کرنے کے معاملہ پر بھی کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے علاقہ مکین سستی تفریح سے محروم ہیں ، تفصیلات کے مطابق ملتان ترقیاتی ادارہ اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے زیر انتظام ہاؤسنگ اسکیموں میں پارکوں کی حالت زار سدھارنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ اٹھائے جا سکے ، پارکوں کو پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کی تحویل میں دینے کے معاملے پر بھی پیش رفت نہ ہو سکی - پی ایچ اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے پارکس کو تحویل میں لئے جانے کی منظوری نہ ملنے کی وجہ سے درجنوں پارکس کی قسمت بدلنے کا فیصلہ التواء کا شکار ہے ، متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی سے متعدد پارکس تاحال چار دیواری سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، نیو ملتان اور شاہ رکن عالم کالونی سمیت مختلف علاقوں میں 50 سے زائد پارک بد حالی کا شکار ہیں - پارکوں میں کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، جبکہ جھولوں ، واکنگ ٹریکس سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے بھی بیشتر پارک محروم ہیں - نوجوان ان پارکوں کو صرف پلے گراؤنڈز کے طور پر استعمال کرتے نظر آتے ہیں ، ان پارکوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے دو سال قبل پی ایچ اے کی خدمات لینے کا فیصلہ ہوا تھا ، تاہم بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری نہیں لی جا سکی - جس کی وجہ سے ان پارکوں کی حالت میں کوئی سدھار نہیں آیا اور شہر کی ایک بڑی آبادی تفریحی سرگرمیوں سے محروم ہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایچ اے انتظامیہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں خستہ حال پارکوں کو تحویل میں لینے کی منظوری لے ، تاکہ ان پارکوں میں ترقیاتی کام مکمل کروا کر عوام الناس کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جا سکیں -