اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کےاجلاس میں 9 ترقیاتی منصو بوں کی منظوری دی گئی ۔ یہ منظوری چیئرمین کیپٹن نور الامین مینگل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے N-5 سے M-1 تک مارگلہ ایونیو کی توسیع کے منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دی ۔ اس کی لاگت 2ارب 63 کروڑ40 لاکھ روپے ہے۔اس کی طوالت 1.6 کلومیٹر ہے۔یہ رنگ روڈ سے منسلک ہوگی۔ لہتڑاڑ روڈ کھنہ پل سے PINSTECH تک روڈ کی کشادگی کے پی سی ون کو بھی منظور کیا گیا۔ اس کی لاگت 5ارب26کروڑ50 لاکھ روپے ہے۔ اس کے اطراف میں سروس روڈ بھی بنے گی۔ ترامڑی چوک پر فلائی اوور تعمیر کیا جا ئے گا۔ اجلاس میں کری انکلیو مکسڈ یوز ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے کنسلٹنسی سروس حاصل کرنے کے لئے پی سی ٹو بھی منظور کیا گیا۔ اس کی لاگت 100ملین روپے ہے۔ آچرڈ ہائٹس کے لئے کنسلٹنسی حاصل کرنے کے پی سی ٹو کی بھی منظوری اجلاس میں دی گئی ۔ اسلام آباد میں روڈ سیفٹی آڈٹ کروانے کے لئے کنسلٹنسی خدمات حاصل کرنے کے منصوبے کا پی سی ٹو بھی اجلاس میں منظور کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں کیپیٹل سٹریٹ کا پی سی ون بھی منظور کیا گیا جس کی لاگت ایک ارب 32 کروڑ روپے ہے۔ اسلام آباد کے انڈر پاسز، اوور ہیڈ برجز، مانومنٹس اور اہم عمارات کو کمپیوٹرائزڈ طریقے سے روشن کرنے کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔اس پی سی ون کی لاگت 34کروڑ17 لاکھ روپے ہے۔ایچ نائن سیکٹر میں سی ڈی اے ماڈل سکول اینڈکالج کی تعمیر کیلئے فیز یبلٹی اسٹڈی اور انجئرنگ ڈیزائن کی تیاری کیلئے پی سی ٹو کی منظو ری دی گئی جس کی لاگت 46ملین روپے ہے۔ راول جھیل کے کنارے گیسٹہاؤس کی تعمیر کے پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی جس پر 75ملین روپے لاگت آئے گی۔ سیکٹر ایف فائیو ٹو میں بیچلرز آفیسرز کوارٹرز کی تعمیر کیلئے 66کروڑ19 لاکھ روپے مالیت کا پی سی ون بھی منظو ر کر لیا گیا۔
|
|