اسلام آ باد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ نئے منصوبے کے تحت سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ کیلئے فنڈجاری کر دیئے گئے ہیں ۔اب ہمارا فوکس میگاپراجیکٹس کی بجائے سیکٹر ڈویلپمنٹ اور کھیلوں ‘ثقافت اور دیگر تجارتی سر گر میوں کے فرو غ پر ہوگا تاکہ شہر یوں کوبہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ اسلام آباد کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ جناح ایونیو کی توسیع کی جائے گی۔ شاہین چوک پر فلائی اوور بنایا جا ئے گا۔ ریڑھی بانوں کیلئے 6 مزید اتوار بازار بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پر یس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کی شراکت سےملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈز میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں کچرا پھینکنے پر اب جرمانہ اور جیل کی سزا ہو سکے گی۔ مجسٹریٹ کو سزا دینے کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی اجازت کیلئے سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کریں گے۔ سپریم کورٹ سے اجازت ملنے پر فائیو سٹار ہوٹل اورانٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ایک ساتھ بنائیں گے۔مئی میں الیکٹرک بسوں کی پہلی کھیپ آجائے گی ۔دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے 10ارب روپے کا پیکج منظور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولن الرجی کو کم کرنے کیلئے پیپر ملبری درختوں کو ری پلیس کررہے ہیں۔ ایف نائن سے پیپر ملبری کے درخت ختم کرنے کا آغاز کررہے ہیں۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیلئے قانون سخت کرنا ہوگا، کورڈ ایریا کو 65فیصد سے کم کر کے 50فیصد کر دیا ہے ، 20فیصد ہائی ریز بلڈنگ کی اجازت دے رہے ہیں ۔ |
|