اسلام آباد( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے بورڈ نے بلڈنگ اینڈ ہاوسنگ کنٹرول ونگ کے قیام کی منظوری دید ی ۔یہ منظوری گزشتہ روزکے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن نور الامین مینگل نے کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں رہائشی اور کمرشل بلڈنگ میں رین واٹر ہارویسٹنگ لازمی ہوگا اورکسی بھی بلڈنگ کا نقشہ واٹر ری چارجنگ ویل اور ٹینک کی تعمیر کے بغیر منظور نہیں کیا جائے۔ سی ڈی اے بورڈ نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ اور انوائرمنٹ ونگ کے قوانین کی بھی منظوری اور انکو جرمانے اور سزا کا اختیار بھی دے دیا ۔ سی ڈی اے بورڈ نے سینی ٹیشن کی فیس کے تعین کا اختیار چیئرمین کو تفویض کردیا۔علاوہ ازیں سی ڈی اے بورڈ نے آئی سی ٹی بلڈنگ کنٹرول بائے لاز ریگولیشن 2002 میں ترامیم کی منظوری بھی دے دی جبکہ آئی جے پی اور مری روڈ پر تعمیرات کے لئے بلڈنگ بائے لاز کی منظوری بھی دے دی گئی۔ سیکٹر انسٹیٹیوشنل بلڈنگ کے لئے فلور ایریا ریشو میں اضافہ کردیا گیا ہے۔سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد کے زون ٹو، فور اور 5 کے ایجوکیشنل پلاٹس کے فلور ایریا ریشو میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا ۔ بورڈ اجلاس میں اسلام آباد میں سکولوں کے قیام کے لئے پلاٹ کرائے پر دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔سکولوں کے پلاٹ رعایتی کرایوں پر 33 سال کے لئے لیز پر دیئے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن نور الامین مینگل نے ہدایت کی کہ اسلام آباد بس ٹرمینل I-11 کا کانسپٹ پلان دو ہفتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد بس ٹرمینل پر دو ماہ کے اندر کام شروع کیا جائے۔ سی ڈی اے بورڈ نے 2010 سے کلچرل کمپلیکس پر بند کام دوبارہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔کلچرل کمپلیکس شکرپڑیاں کا نام تبدیل کرکے الحمرا اسلام آباد ، سیکٹر G-10 میں واقع لیڈیز کلب کا نام تبدیل کرکے سٹیزن سنٹر G-10 رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سی ڈی اے بورڈ نے گرین فنڈ کے قیام کی منظوری بھی دے دی ۔ اسلام آباد میں شروع کئے جانے والے تمام بڑے منصوبوں کی کل لاگت کا 2 فیصد اس فنڈ میں جمع کیا جائے گا۔بورڈ کے اجلاس میں سی ڈی اے پنشن فنڈ اور انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ان فنڈز میں آمدن کا پانچ فیصد رکھا جائے گا۔سی ڈی اے بورڈ نے اجلاس کے میں اسلام آباد میں انٹرنیشنل معیار کا فٹبال سٹیڈیم بنانے کی منظوری بھی دی ۔
|
|