راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے) مری روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کیلئے تجاوزات کیخلاف جامع آپریشن شروع کردیا گیا ہے جبکہ شمس آباد اور فیض آباد میں تین کمرشل پلازوں نے رضاکارانہ طور پر بیسمنٹ میں غیر قانونی دکانوں اور گوداموں کو ختم کرکے پارکنگ کی سہولت فراہم کردی۔مری روڈ اور سٹیلائیٹ ٹاؤن میں20پلازوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہنوں نے پارکنگ کی جگہ دکانیں اور دفاتر بنا رکھے ہیں۔ان پلازوں کو نوٹس جار ی کردیےگئے ہیں۔ رضاکارانہ طور پر بیسمنٹ میں موجود غیر قانونی شو رومز اور گوداموں کو ختم کرنے والےپلازوں میں جمیل کارپوریشن فیض آباد، فاروق کارپوریشن اور ایریز ٹاور شمس آباد شامل ہیں جسے کمشنر نے سراہا۔ کمشنر نےان پلازوں کا دورہ کرکے جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جن پلازوں نے پارکنگ کی جگہ دیگر کمرشل سرگرمیاں کی ہوئی ہیں ان کو اگلے ہفتہ حتمی نوٹس جاری کئے جائیں گے اور اگر انہوں نے بیسمنٹ میں موجود پارکنگ ایریاز کی جگہ کمرشل سرگرمیاں ختم نہ کیں تو انکے مالکان کے خلاف میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی مدعیت میں ایف آئی آرز درج کی جائیں گی۔ |
|