راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے) نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ کے لئے نئی سروے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔اس بات کا فیصلہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔کمیٹی میں آر ڈی اے،واسا اور محکمہ مال راولپنڈی کے نمائندے شامل ہوں گے۔کمیٹی نالہ لئی کو سیوریج سے پاک کرنے کا جائزہ لے کر تجاویز دے گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کا سوریج نالہ لئی میں آنے کے حوالے سے سی ڈی اے سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔اجلاس میں واسا لاہور کے ایم ڈی غفران احمد نے بغیر کھدائی سیوریج پائپ لائن کیلئے ٹنل بورنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سواں پل سے کٹاریاں تک نالہ لئی ایکسپریس وےکی لمبائی 16 کلومیٹر ہے۔نالہ لئی سے دریائے سواں میں روزانہ پانی کا ڈسچارج 6سو کیوسک ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ابھی تک نالہ لئی ایکسپریس وے کےواپس لئے گئےسو ملین روپے کے فنڈزبھی جاری نہیں کئے۔ ذرائع کے مطابق2006سے جاری منصوبہ مختلف سیاسی کھینچا تانیوں کا شکار ہوکرہر بار سرد خانے میں چلا جاتاہے۔17ارب روپےمیں تیار کیا گیا منصوبہ کبھی دو سو ارب روپے،کبھی65ارب روپے اور کبھی46ارب روپے کا ہوجاتا ہے۔ |
|