ملتان (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ملتان پی پی 214 کے زیراہتمام نواب پور روڈ کی عدم تعمیر پر چونگی نمبر 8 پر دھرنا دیا گیا ، مظاہرین نے روڈ بند کردیا ، بعد ازاں اے سی سٹی کی یقین دھانی پر دھرنا موخر کر دیا گیا ۔آصف اخوانی نائب امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف اخوانی نے خطاب میں کہا ہے کہ شہر کا ہر وہ حصہ اس وقت لاوارث ہے جہاں کسی افسر کا گھر نہیں نواب پور روڈ تباہ ہے کوئی دیکھنے اور پوچھنے والا نہیں کرپشن کی انتہا ہے کہ کرپٹ ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دیا گیا ملی بھگت سے مال بٹورا جارہا ہے کوئی اس معاملہ پر ان سے پوچھنے والا نہیں۔تاجروں کے نمائندہ بھی دھرنے میں موجود تھے ۔دھرنے کے شرکاء نے اے سی سٹی کی یقین دھانی پر دھرنا موخر کیا، نائب امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف اخوانی نے کہا کہ سوموار تک اگر اس سڑک پر کوئی کام شروع نہ ہوا تو ہم عدلیہ کا دروازہ کھڑکائیں گے۔ اس سے قبل اگر ہمارے جائز مطالبات کو سنجیدہ نا لیا گیا تو کمشنر آفس کے باہر ہم بیٹھیں گے اور کسی کو باہر جانے نہیں دینگے۔ دھرنے میں انجمن تاجران نواب پور روڈ کے عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس روڈ کا تاجر پریشان ہے کاروبار تباہ ہیں گھروں میں فاقہ ہیں تین سال سے اس روڈ کے لیے تمام محکموں سے ملاقات کی لیکن تاحال مسئلہ حل نہیں ہوا۔اب ہم جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور مسئلہ کے حل تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ |
|