ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام اورایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی موثر مانیٹرنگ سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں برق رفتاری آگئی ہے۔یہ بات ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن( ر )ثاقب ظفر کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی،اجلاس میں بتایا گیاکہ رواں مالی سال میں جنوبی پنجاب کے محکموں کواب تک 126 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں جن میں سے منصوبوں پر101ارب روپے خرچ کردیئے گئے ہیں۔اس طرح جاری کردہ فنڈز کے خرچ کی شرح 80 فیصد ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام محکموں کے مابین مربوط رابطہ کار قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جس محکمے کے فنڈز لیپس ہونگے اسے جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 2468 منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے لئے بجٹ میں 254 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، جنوبی پنجاب میں 11 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جبکہ خطے میں 9 نئے میگا پراجیکٹس پر کام شروع کردیا گیا ہے، نشتر ٹو کی تعمیر پر جاری کردہ تمام 3 ارب40 کروڑ روپے خرچ کردیئے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں واٹرسپلائی کی سکیموں اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں کے لئے جاری کردہ سو فیصد فنڈز خرچ کر دیئے گئے ہیں |
|