سلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں،اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر 24گھنٹے کام یقینی بنایا جائے،ہر منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے مربوط نظام کے تعارف کے حوالے سے سی ڈی اے رپورٹ پیش کرے ،اسلام آباد میں پارکنگ کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرجائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں۔وزیراعظم کی سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سی ڈی اےکے منصوبوں کو تیز رفتار سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے جاری منصوبوں کو بین الاقوامی معیار پر تعمیر کیا جائے،سمندر پار پاکستانیوں کیلئے منصوبوں کو شفاف اور طریقہ کار آن لائن بنایا جائے،سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور عوامی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے جائزہ کمیٹی قائم کر دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے سی ڈی اے نے 10 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس سے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، سیوریج کا نظام اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے ٹرانسپورٹ کے فیڈر روٹس اور بس ٹرمینل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ |
|