اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے نے مری روڈ پر زیر تعمیر 18کروڑ روپے مالیت کا مارگلہ ٹاؤن انڈر پاس منصوبہ بند کروا دیا ہےجبکہ منصوبے پر بیشترتعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔نور الامین مینگل نے منصوبے کا دورہ کرکے اسے فضول قرار دے دیا۔ سی ڈی اے کنٹریکٹر کو 10کروڑ روپے سے زائد کی پیمنٹ کرچکا ہے۔ مارگلہ ، راول ٹاون ، پونہ فقیرا، اوڑیاں اور موہڑیاں کے مکینوں نے اس فیصلہ پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس پراجیکٹ کو عوامی مفاد میں مکمل کیا جائے۔مکینوں کا مؤقف ہے کہ اس انڈر پاس سے یومیہ 10ہزار گاڑیاں گزریں گی ۔ ذ رائع کے مطا بق منصوبے کو ایک لیگی رہنما کے دباؤ پر منسوخ کیا گیا حالانکہ اس سےسرکاری خزانے کو نقصان پہنچے گا۔ مکینوں نے انتباہ کیا ہے کہ بندش کے احکامات واپس نہ لیے گئے تو چیئرمین آفس کا گھیراؤکریں گے اور معاملہ عدالت لے جائیں گے۔ گزشتہ روز مارگلہ ،راول ٹاؤن، پونہ فقیراں،اوڑیاں سمیت دیگر آبادیوں کے مکینوں نے ایف نائن پارک میں چئیرمین سی ڈی اے کی شجرکاری مہم کے موقع پر ملاقات بھی کی ۔ مکینوں نے چئیرمین کو بتایا کہ اگر یہ اقدام واپس نہ لیاگیا تو احتجاج کے ساتھ ساتھ ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔ چئیرمین سی ڈی اے نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ مکینوں کے مسائل کو سنیں گے۔ انہوں نے مارگلہ ٹاون سمیت دیگر آبادیوں کے مکینوں کو آج چیئرمین آفس طلب کر لیا ہے۔ذ رائع کے مطابق سی ڈی اے حکام نے کنسلٹنٹ کو ڈیزائن پر نظر ثانی کی ہدایت کی ہے۔ چیئر مین نے ہدایت کی ہے کہ پروٹیکٹڈ یوٹرن بنائے جائیں یہاں انڈر پاس کی ضرورت نہیں ہے۔ |
|