اسلام آباد ( نیوز ر پورٹر)سی ڈی اے مالی مشکلات کا شکار ہوگیا جس کی کی وجہ رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کی منظوری میں تاخیر بتائی جاتی ہے۔ ذ رائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے 23 جنوری کو کمرشل آکشن کی گئی تھی۔ تین دن جاری رہنے والی نیلامی میں چالیس ارب سے زائد کے کمرشل پلاٹس فروخت کیے گئے تھے جس میں 25فیصد 10ارب روپے ایک ماہ کے اندر سی ڈی اے کو وصول ہونا تھا جبکہ باقی 75 فیصد رقم ایک سال کی مدت میں وصول ہونا تھی۔باوثوق ذرائع کے مطابق کچھ نجی کمپنیوں کی جانب سے بڑے کمرشل پلاٹس کی خرید کے بعد تمام رقم یکمشت ادا کرنے کی بھی حامی بھری گئی۔ یکمشت ادائیگی کی صورت میں سی ڈی اے کو ایک ماہ میں 40 ارب کا ریونیو حاصل ہوسکتا ہے تاہم کمرشل نیلامی کے بائیس دن گزرنے کے باوجود نیلامی کی سی ڈی اے بورڈ سے منظوری نہیں دی جا سکی۔ مالی مشکلات کے باعث ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں اور تعمیراتی فرموں کے کروڑوں روپے کے بل رکے ہوئے ہیں |
|