فنڈز کی عدم دستیابی، سوا 10 ارب کا ٹینتھ ایونی
21-1-2023
اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کا ٹینتھ ایونیو پراجیکٹ بھی ملک کے مالی بحران سے متاثر ہونے لگا ہے اور وزارت خزانہ نے سی ڈی اے کو مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کئے۔ آئی جے پرنسپل روڈ سے سری نگر ہائی وے تک ٹینتھ ایونیو کی تعمیر پر دس ارب25کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ یہ پی ایس ڈی پی پراجیکٹ ہے ۔ رواں مالی سال کے دوران وزارت خزانہ نے سی ڈی اے کو اس پراجیکٹ کیلئے صرف تین کروڑ پچاس لاکھ روپے دیئے ہیں جبکہ سی ڈی اے تعمیراتی فرم این ایل سی کا ایک ارب روپے کا مقروض ہو چکا ہے کیونکہ اب تک 14فی صد کام ہوچکا ہے۔ آئیسکو کو ایچ ٹی لائن کی شفٹنگ کیلئے 93ملین روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے کیلئے رقم نہیں ہے جس کی وجہ سے کام متاثر ہو رہا ہے۔آئی نائن اور آئی ٹین کو ملانے کیلئے دو پل زیر تعمیر ہیں جن میں سے ایک فروری کے پہلے ہفتے میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جا ئے گا۔ دوسرے کی ڈرینج لائن بچھانی ہے جس پر ایک ماہ مزید لگے گا۔ آئی جے پی کے سامنے نالہ لئی پر دو پل تعمیر کئے جا ئیں گے۔ سری نگر ہائی وے پر جہاں ٹینتھ ایونیو ختم ہوگی وہاں انٹر چینج تعمیر کیا جا ئے گا۔یہ ایو نیو چار رویہ ہو گی جو راولپنڈی اور اسلام آ باد کے درمیان رابطے کی اہم شاہراہ ہوگی۔ سی ڈی اے نے وزارت خزانہ سے اڑھائی ارب روپے کے فنڈز اس سال کیلئے مانگے ہیں لیکن ابھی تک یہ فنڈز نہیں ملے جس کی وجہ سے یہ میگا پراجیکٹ مسائل سے دو چار ہوگیا ہےجبکہ تعمیراتی فرم سی ڈی اے سے بلوں کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہی ہے ۔