نیب آرڈیننس: ہاؤسنگ سوسائٹیز مقدمات کی س
9-10-2021
ملتان (سٹاف رپورٹر)نیب ترمیمی آرڈیننس میں قوانین تبدیل ہونے کے باعث ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف مقدمات کی سماعت روک دی گئی۔ نیب سے نئے قوانین کے مطابق ہدایات موصول ہونے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہو گی۔ تفصیل کے مطابق ملک بھر سمیت جنوبی پنجاب کی ملتان میں قائم 2نیب عدالتوں میں بھی کئی پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام پر عام شہریوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث سینکڑوں ملزمان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری ہے جو نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد متاثر ہوئی ہے۔ اب نیب عدالتوں میں صرف آمدن سے زائد اثاثہ جات مقدمات کی سماعت جاری ہے جبکہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے عدالتوں کو فہرست بھجوائی جائے گی کہ کس قسم اور مالیت کے فراڈ و غبن کے مقدمات کی سماعت نیب عدالتوں میں ہو سکے گی اور کون سی نوعیت کے مقدمات واپس لے کر عام ایف آئی اے، اینٹی کرپشن یا سیشن عدالتوں میں سماعت کے لئے بھجوائے جائیں گے۔