مویشی منڈی:بھاؤ تاؤ میں تیزی،جانوروں کی آ
15-7-2021
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کے درمیان بھاؤ تاؤ میں تیزی آگئی، ساڑھے 5 لاکھ میں سے پونے 2 لاکھ جانور فروخت ہوگئے، مویشی منڈی میں اس وقت 3 لاکھ 75 ہزار سے زائد گائے، بیل، بکرے، اونٹ اور دنبے موجود ہیں، جبکہ کورونا سے بچاؤکے اقدامات کو بھی مزید سخت کردیا گیاہے۔ 9 جون سے لگنے والی مویشی منڈی میں 14 جون سے اب تک ساڑھے 5 لاکھ سے زائد قربانی کے جانورآچکے ہیں، جن میں سے پونے 2 لاکھ جانور فروخت کئے جا چکے ہیں۔ ترجمان مویشی منڈی کاکہنا ہے کہ مارشیلنگ ایریا سے تاحال قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، منڈی میں بیوپاریوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، خریداروں کی سہولت کے لئے مختلف بلاکس میں اے ٹی ایمز بھی نصب کردی گئی ہیں، کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے فائر ٹینڈرز اور سیکڑوں سیکیورٹی اہلکاربھی الرٹ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف بلاکس میں خفیہ کیمروں کے ذریعے مشکوک افرادکی نگرانی کی جارہی ہے، جانوروں کے علاج معالجے کے لئے وٹرنری ڈاکٹرز بھی موجود ہیں۔ ترجمان یاور رضا چاؤلہ کا کہنا تھا کہ بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سے منڈی میں رین ایمرجنسی نافذ، پانی کی نکاسی کے لئے ٹیمیں ساز و سامان کے ساتھ الرٹ ہیں، بیوپاریوں اور شہریوں کو بجلی کے پولز سے دور رہنے ، ماسک پہننے اورکسی بھی مشکوک شخص سے ہوشیار رہنے کے لئے وقفے وقفے سے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں، جبکہ جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے روزانہ اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔