بزدار کا ڈی جی خان کا 8 گھنٹے طویل دورہ ، اربو¬
8-7-2021
لاہور،ڈیرہ غازی خان(سیاسی رپورٹر سے ،نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سخت گرمی اور حبس کے باوجود ڈیرہ غازی خان کا 8گھنٹے طویل دورہ کرتے ہوئے اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا، وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی قسمت بدل دو ں گا، پنجاب کو بلوچستان سے ملانے کیلئے 122کلو میٹر طویل نئی سڑک بنا رہے ہیں ۔ کوہ سلیمان میں سوڑا ڈیم اسی سال شروع ہوگا،4مزید ڈیم کی فزیبلٹی تیار ہوچکی ہے ،وزیراعلیٰ نے اپنے دورے کا آغاز صبح سوا 10بجے کیا، بعد ازاں وزیراعلیٰ عثمان بز دار شادن لُنڈپہنچے اور چیف آف لُنڈ سردار شہر یار خان مرحوم کے انتقال پران کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بڑے بیٹے بہادر خان لُنڈ کی دستار بندی کی۔وزیراعلیٰ دورے کے آخری مرحلے میں ڈیرہ غازی خان سپورٹس کمپلیکس پہنچے جہاں انہوں نے اے ڈی پی وال کا معائنہ کیا اور 2 ارب90 کروڑ روپے کے پراجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا، وزیراعلیٰ نے 2 ارب 66 کروڑ کے 5 میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا، 2ارب سے ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال میں مدراینڈ چائلڈ بلاک، 29کروڑ سے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے تحت فلٹریشن پلانٹس کا قیام، 26کروڑ سے وقار کینٹین تا گدائی چوک دورویہ سڑک کی تعمیر، 9 کروڑ 35 لاکھ روپے سے پناہ گاہوں کے قیام کے فیز ون کا آغاز ہوگا۔وزیراعلیٰ نے خواجہ فریدالدین مسعود گنج شکر ریسرچ لائبریری میں غازی یونیورسٹی،غازی کالج اورسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور ڈیجیٹل روم اورآڈیٹوریم کا معائنہ کیا، دورے کے دوران وزیراعلیٰ اچانک سینٹرل جیل ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے اور وہاں خواتین اورجیونائل سمیت مختلف بیرکوں کا دورہ کیا، انہوں نے خراب پنکھوں کی فوری مرمت اور ہر بیرک میں ٹی وی لگانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں فعال ہونے والے سمارٹ سٹی پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا۔